کرپشن کسی بھی معاشرے کے خلاف ناسور کی مانند ہے، سید ناصر حسین شاہ

Nasir Hussain Shah


کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) سندھ کے وزیر بلدیات، دیہی ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کرپشن کسی بھی معاشرے کے لئے ناسور کی مانند ہے اور یہ ناسور معاشروں کو برباد کردیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرائض کی دیانتدارانہ ادائیگی سے معاشرے ترقی کرتے ہیں اور فرائض کی دیانتدارانہ ادائیگی ہی معاشرے کی نشوونما، ترقی اورخوشحالی کی ضمانت ہے۔

سید ناصر حسین شاہ نے ان خیالات کا اظہار آج نیو سندھ سیکریٹریٹ کراچی سے شروع ہونے والی ”کرپشن کے خلاف واک“ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینیٹر وقار مہدی، چیئرمین انکوائریز اینڈ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ محمد نواز شیخ، سندھ حکومت کے مختلف محکموں کے سیکریٹریز، سینئر افسران اور سندھ سیکریٹریٹ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر نذر حسین جلالانی اور سندھ سیکریٹریٹ کے ملازمین کی بڑی تعداد نے بھی واک میں شرکت کی۔ واک نیو سندھ سیکریٹریٹ سے شروع ہوئی اور کبوتر چورنگی، سندھ اسمبلی گیٹ، آرٹس کونسل چورنگی اور آرٹس کونسل کے سامنے سے گذرتی ہوئی واپس نیو سندھ سیکریٹریٹ پر اختتام پذیر ہوئی۔ واک کا اہتمام محکمہ انکوائریز اینڈ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ کی جانب سے کیا گیا تھا۔واک کے شرکاء نے کرپشن کے خلاف نعرے بلند کئے اور ملک و و قوم کی فلاح و بہبود کے لئے یک زبان ہوکر نعرے لگائے۔



وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان جو ہمیشہ دوسروں کو برا بھلا کہتے اور جھوٹے الزامات لگاتے رہے ان صاحب کے خلاف فارن فنڈنگ، گھڑی چوری، توشہ خانہ، فرح گوگی، علیمہ باجی کی سلائی مشینیں اور نجانے کیا کیا حقائق سامنے آرہے ہیں۔ عمران خان بھول گئے کہ جب آپ کسی پر ایک انگلی اٹھاتے ہیں تو آپ ہی کی چار انگلیاں خود بخود آپ کی طرف اٹھ جاتی ہیں۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ عمران خان نے سیاسی مخالفین کے خلاف گمراہ کن مہم سے جگ ہنسائی کرائی۔سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اب اتحادی حکومت کی پالیسیوں کے سبب حالات بہتری کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت بد عنوانی اور کرپشن کے خلاف بھرپور کارروائی کررہی ہے اور محکمہ انکوائریز اینڈ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بدعنوان عناصر کے خلاف سخت ایکشن لے رہا ہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ محنت اور دیانتداری سے فرائض کی ادائیگی میں ہی ملک و قوم کی ترقی مضمر ہے۔

کوئی تبصرے نہیں