جوکووچ اور نڈال نئی آزمائش کو تیار
تحریر :عبدالعزیز
آسٹریلیا میں نئے ٹینس سیزن کی شروعات ہوچکی، پرتھ میں مکسڈ ٹیم ایونٹ یونائیٹڈ کپ میں اسپینش اسٹار رافیل نڈال شریک ہیں تو دوسری جانب ایڈیلیڈ میں سابق عالمی نمبرون نووک جوکووچ بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
سربیئن اسٹار کورونا ویکسین
تنازع کے بعد ایک بار پھر آسٹریلوی سرزمین پر پہنچے ہیں، وہ گذشتہ برس وائرس سے بچائو
کی ویکسین نہ لگانے پر آسٹریلیا بدر کردیے گئے تھے تاہم بدلی ہوئی صورتحال میں ان کی
واپسی ممکن ہوئی ہے، ابتدا میں ان پر تین برس ک لیے آسٹریلیا میں داخلے پر پابندی عائد
کی گئی تھی، سیزن کا ابتدائی گرینڈ سلم 16 سے 29 جنوری تک میلبورن پارک میں شیڈول ہے،
گذشتہ برس نڈال نے 5 سیٹ کے میراتھن مقابلے میں روسی حریف دینئیل میڈویڈوف کو ٹھکانے
لگایا تھا، جوکووچ آسٹریلوی قوانین میں کوویڈ سے متعلق نرمی ہوجانے پر منگل کو پہلی
بار آسٹریلیا پہنچے تھے. نڈال نے کیریئر میں 22 جبکہ جوکووچ نے 21 گرینڈ سلم ٹرافیاں
نام کررکھی ہیں، ان کے درمیان مسابقت اب نئے سیزن میں ایک بار پھر عروج پر ہوگی۔
عالمی درجہ بندی میں سردست
پانچویں نمبر پر موجود جوکووچ 10 ویں آسٹریلین اوپن ٹرافی کی مہم اختیار کریں گے، وہ
سیزن کی شروعات اتوار کو ایڈیلیڈ میں شروع ہونے والے ایونٹ سے کریں گے، نڈال کا کہنا
ہے کہ ابتدائی گرینڈ سلم سے قبل مکسڈ ٹیم ایونٹ میں سخت حریفوں سے مقابلوں میں کامیابی
یقینی طور پر میرے اعتماد میں اضافے کا سبب ہوگی، نڈال نے آسٹریلیا اوپن میں پہلی بار
شرکت 2004 میں کی تھی اور اب والد بننے کے بعد وہ پہلی بار ایونٹ میں شریک ہونے جارہے
ہیں، گذشتہ برس انجری مسائل کے باوجود وہ سیزن کے دو گرینڈ سلم نام کرنے میں کامیاب
رہے ہیں، انھوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ بطور پروفیشنل آپ کوئی بات حتمی طورپر نہیں
کہہ سکتے، 36 برس کی عمر میں مجھے نہیں معلوم کہ آنے والے دنوں میں حالات کیا رخ اختیار
کرتے ہیں لیکن سردست میں کھیل سے دوری کی بات نہیں کرنا چاہتا، میرا ابھی ایسا کوئی
موڈ نہیں ہے.میری پوری توجہ اپنے کھیل میں بہتری لانے پر ہے، میرا ہدف یہی ہے۔
دریں اثنا نووک جوکووچ نے
فزیو کو نکالنے کے بعد دوبارہ کوچ کی خدمات حاصل کرلیں، آسٹریلین اوپن سے قبل سربیئن
اسٹار نے اپنی سپورٹنگ ٹیم میں تبدیلی کرلی، فزیو تھراپسٹ یولیسز باڈیو کو تبدیل کردیا،
وہ مئی 2017 سے جوکووچ کی ٹیم میں شامل تھے، رپورٹ کے مطابق ان کے درمیان مالی معاملات
طے نہیں ہوپائے جس کے بعد جوکووچ نے ان کی جگہ کلاڈیو زیماگیلا کی خدمات حاصل کرلیں،
وہ ایڈیلیڈ میں ان کے ہمراہ ہوں گے، اطالوی کوچ زیماگیلا اس سے قبل میلوس رائونک کے
ہمراہ بھی کام کرچکے ہیں جبکہ حال ہی میں وہ برینڈون ناکاشیما کے ساتھ بھی وابستہ رہے
تھے۔
کوئی تبصرے نہیں