سندھ حکومت صحافیوں کی بہبود کے لئے ہرممکن معاونت کررہی ہے، ندیم میمن



کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ)اظہار رائے کی آزادی کے تحفظ کے لئے کراچی پریس کلب نے گرانقدر خدمات انجام دی ہیں ۔ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کے لئے صحافیوں کی قربانیاں بہت زیادہ ہیں۔ سندھ حکومت صحافیوں کی خدمات کا بھرپور اعتراف کرتی ہے اور صحافیوں کی بہبود کے لئے ہرممکن تعاون فراہی کے لئے کوشاں ہے۔ان خیالات کا اظہار سیکریٹری اطلاعات سندھ ندیم میمن نے پیر کی سہ پہر کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات سندھ کو کراچی پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں اور پریس کلب کے اراکین نے خوش آمدید کہا ۔سیکریٹری اطلاعات ندیم میمن پریس کلب میں موجود صحافیوں کے پاس گئے ،مصافحہ اور احوال دریافت کیا۔اس موقع پر کراچی پریس کلب کی کابینہ ارکان اور گورننگ باڈی و ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری اطلاعات ندیم میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی پریس کلب کے اراکین کے رہائشی منصوبوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب کی جمہوری، صحافتی اور انسانی حقوق کی جدوجہد کی تاریخ نے کراچی پریس کلب کو ملک بھر میں منفرد مقام کا حامل رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات صحافیوں اور سندھ حکومت کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات، صحافیوں کے لئے طبی مالی امداد ، رہائشی پلاٹ اور کلب کے مسائل کے حوالے ہرممکن معاونت فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی نے کہا کہ کراچی پریس کلب اور صحافیوں کا محکمہ اطلاعات کے ساتھ ہمیشہ ایک مضبوط تعلق رہا ہے اور ہم امید کرتے ہے کہ محکمہ اطلاعات کراچی پریس کلب کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گا، سعید سربازی نے کہا کہ کراچی پریس کلب نے جمہوری حقوق، آزادئ صحافت اور انسانی حقوق کی جنگ میں رہنمایانہ کردار ادا کیا ہے. اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی کے ساتھ جوائنٽ سیکریٹری اسلم خان، گورننگ باڈی کے ممبران فاروق سمیع، ذوالفقار راجپر ،شمس کیریو اور ذوالفقار واہوچو نے سیکریٹری اطلاعات سندھ ندیم میمن اور محکمہ اطلاعات سندھ کے ڈائریکٹر ایڈمن محمد یوسف کابورو اور ڈائریکٹر پریس انفارمیشن حسن اصغر نقوی کو اجرک کے تحائف پیش کیے، بعد میں ندیم میمن کو کراچی پریس کلب کے مختلف شعبوں میں وزٹ کے لئے بھی لے جایا گیا۔

کوئی تبصرے نہیں