خواتین کے لیے کاروباری آسانیاں اولین ترجیح ہے، سید قاسم نوید قمر



کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) سندھ انویسٹمنٹ ڈیپارٹمنٹ  کے ذیلی ادارے کلک(CLICK)اور انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن(IBA) کراچی کے درمیان کراچی میں خواتین کی ملکیت اور خواتین کے زیر انتظام کاروبار کو درپیش رکاوٹوں کی نشاندہی کے لیے ایک تحقیقی مطالعہ کرنے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کی تقریب آج محکمہ سرمایہ کاری سندھ کے دفتر فنانس اینڈ ٹریڈ سینٹر کراچی میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پروجیکٹس سید قاسم نوید قمر نے مہمان خصوصی کی حیثیت سےشرکت کی جب کہ  سیکرٹری سرمایہ کاری سید منصور عباس رضوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔معاہدے پر پراجیکٹ ڈائریکٹرCLICKانور علی شر اورIBAکراچی کی جانب سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس اکبر زیدی نے دستخط کیے۔

واضح رہے کہ سندھ انویسٹمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا کلک پراجیکٹ کاروباری طریقہ کار کو آسان اور کاروباری لوگوں با لخصوص کاروبار کرنے والی خواتین کو کاروبار کے لئے سازگار ماحول  فراہم کرنے کے اقدامات کررہا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ IBA نے کئی دہائیوں سے تعلیمی میدان میں اپنا منفرد مقام برقرار رکھا ہے۔ انسٹی ٹیوٹ کے پاس کاروباری دنیا میں خواتین کو درپیش رکاوٹوں کی نشاندہی کرنے کے لیے مناسب انسانی وسائل اور تجربہ ہے اور اس معاہدے کے تحت تحقیقی مطالعے کے نتائج سندھ حکومت کو صوبے کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والی خواتین کے لئے سہولیات کی فراہمی کے ضروری اقدامات  کی نشاندہی کریں گے جس سے سندھ حکومت کو کاروباری آسانیوں کے اقدامات کرنے میں مدد ملے گی۔

کوئی تبصرے نہیں