معیاری اور مثالی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے موٹر سائیکل کے سفر سے بھی زیادہ سستے پڑتے ہیں، شرجیل انعام میمن
کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) صوبائی
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن سے فارن میڈیا جرنلسٹ ایسو سی ایشن کے اراکین نے
اپنے صدر اشرف خان کی قیادت میں آج کراچی میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سندھ میں خدمات
انجام دینے والے غیر ملکی اخبارات، غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں اور نشریاتی اداروں
کے نمائندے ملاقات میں موجود تھے۔ غیر ملکی نشریاتی اداروں کے نمائندگان سے بات کرتے
ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہاکہ سندھ حکومت نے حالیہ سیلابوں سے
تباہ ہونے والے 22 لاکھ گھروں کی ازسرنو تعمیر کے منصوبے پر کام شروع کردیا ہے، حکومت
سندھ نے صوبے میں سستی، آرام دہ اور معیاری ٹرانسپورٹ سروس فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا
کہ خواتین کے لئے محفوظ اور مثالی پنک بس سروس شروع کی گئی ہے، معیاری اور مثالی پبلک
ٹرانسپورٹ کے کرائے موٹر سائیکل کے سفر سے بھی زیادہ سستے پڑتے ہیں۔ شرجیل انعام میمن
نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے کے عوام کو ہر شعبے میں بہترین خدمات کی فراہمی کے لئے کوشاں
ہے، سندھ حکومت نے صحت،توانائی، تعلیم،زراعت، انفرا اسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں اہم
کام کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں صحت کے شعبے میں ایس۔ آئی۔ یو۔ ٹی، گمبٹ انسٹیٹیوٹ،
این آئی سی وی ڈی، سائبر نائف انسٹیٹیوٹ (جے پی ایم سی) اور شعبہ صحت کے دیگر ادارے
قابلِ فخر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت
نے صوبے کی خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے مثالی قانون سازی کی ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات
شرجیل انعام میمن نے مزید کہاکہ عورتوں اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے ضروری اقدامات
کئے جا رہے ہیں، توانائی کے شعبے میں تھر کول پاور پراجیکٹ سندھ حکومت کا انتہائی قابل
فخر منصوبہ ہے، سندھ حکومت خود انحصاری کے منصوبوں پر کام کررہی ہے تاکہ قیمتی زر مبادلہ
بچایا جا سکے۔ وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے اس موقع پر موجود افسران کو ہدایت
کی کہ صحافیوں کے پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں آسانیاں لانے کے لئے بھرپور تعاون
کیا جائے۔ اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات سندھ ندیم الرحمٰن میمن، ڈائریکٹر (ایڈمن) اطلاعات
یوسف کابورو، ڈائریکٹر پریس انفارمیشن حسن اصغر نقوی،ڈائریکٹر اشتہارات امتیاز جویو،
ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ فدا حسین بالادی، ڈپٹی ڈائریکٹر سارنگ لطیف اور دیگر
افسران بھی موجود تھے۔
کوئی تبصرے نہیں