خود محافظ ویلفیئر کے پروجیکٹ ”بنت آہن“ کی قومی سطح پر پذیرائی
کراچی (نمایندہ، ٹیلنٹ) خود محافظ ویلفیئر کی سالہا سال کی محنت رنگ لے آئی، خواتین کو اپنی حفاظت کے حوالے سے مضبوط سے مضبوط تر بنانے میں کوشاں پروگرام ”بنت آہن“ کی کاوشوں کا قومی سطح پر اعتراف، وزیر اعظم پاکستان نے نیشنل اینوویشن ایوارڈ سے نوازا۔
خود محافظ ویلفیئر نے حال
ہی میں اسلام آباد میں منعقدہ وزیر اعظم نیشنل اینوویشن ایوارڈ جیت کر نا صرف کراچی
بلکہ سندھ دھرتی کا نام بھی ملک بھر میں روشن کر دیا، یہ پاکستان کا سب سے بڑا ”اسٹارٹ
اپ پچ کمپی ٹیشن“ تھا جس میں پاکستان بھر سے منفرد معاشرتی فلاحی کاموں اور شہریوں
کے مفاد میں منفرد منصوبوں پر عمل پیرا250 سے زائد تنظیموں نے شرکت کی، جن کا انتخاب
انتہائی باریک بینی سے کیا گیا تھا۔ پہلے مرحلے میں ہر صوبائی دارالحکومت میں ہر صوبے
کی تنظیموں کے درمیان مقابلہ کروایا گیا، شریک افراد کو خصوصی ٹریننگ کے مراحل سے گزارا
گیا، منتخب ہونے والوں کے درمیان اسلام آباد کی نسٹ یونیورسٹی میں مقابلوں کا اہتمام
کیا گیا تھا، جہاں پاکستان کے پہلے ویمنز بائیک رائیڈنگ کلب ود سیلف ڈیفنس ”بنت آہن“
جوکہ خود محافظ کا پروجیکٹ ہے، نے میدان مار لیا۔
وزیر اعظم ہاؤس میں منعقدہ اس پروقار تقریب میں خود محافظ اور بنت آہن کی جانب سے زینب بوہری نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ایوارڈ وصول کیا۔ اس ضمن میں خود محافظ ویلفیئر اور ”بنت آہن“ کے بانی اور سیکریٹری عمر حسن کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی جہاں ہمارے لیے بہت حوصلہ افزا ہے، وہیں اس بات کی غماز ہے کہ معاشرے میں کسی بھی فلاحی یا اچھوتے منصوبے کو مکمل کرنے میں لگن اور مستقل مزاجی کی ضرورت ہوتی ہے۔ قومی سطح پر ہماری کوششوں کا اعتراف ہمیں اس فیلڈ میں نئے عزم و حوصلے کے ساتھ بہتر سے بہتر کام کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ”بنت آہن“ کے پلیٹ فارم سے نا صرف خواتین کو اعتماد دلانے کے لیے بائیک رائیڈنگ سمیت مختلف دلچسپیوں کے موقع فراہم کیے جاتے ہیں بلکہ اپنے سیلف ڈیفنس کے لیے بھی انہیں خصوصی تربیت مستقل فراہم کی جاتی ہے، جس کا مقصد نا صرف اپنی حفاظت کے حوالے سے خواتین کو مضبوط بنانا بلکہ بائیک رائیڈنگ سے واقف کروا کر ان کیلئے ٹرانسپورٹ کے مسائل سے چھٹکارا یقینی بنانا ہے۔ ”بنت آہن“ نے اپنے قیام سے آج تک سینکڑوں خواتین کو اپنے پلیٹ فارم سے اس حوالے سے تیار کیا ہے جو آج زندگی کے مختلف شعبوں سے وابستہ ہوکر پر وقار اور پر اعتماد زندگی گزار رہی ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں