لیاقت نیشنل اسکول آف میڈیکل ٹیکنالوجی کے کانووکیشن کی تقریب کا انعقاد



کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) الائیڈ ہیلتھ سائنسز بشمول لیاقت نیشنل اسکول آف فزیوتھراپی، لیاقت نیشنل اسکول آف ڈائیگناسٹک لیبارٹری سائنسز اور لیاقت نیشنل اسکول آف میڈیکل ٹیکنالوجی کے کانووکیشن کی تقریب کا انعقاد کنونشن سینٹر، لیاقت نیشنل اسپتال اینڈ میڈیکل میں کیاگیا۔ کالج کے کل 104 گریجویٹس کو ڈاکٹر آف فزیوتھراپی، کلینیکل لیبارٹری سائنسز اور آپریشن تھیٹر سائنسز، ڈائیگنوسٹک ریڈیالوجی سائنسز، ڈائیلائسز سائنسز اور کریٹیکل کیئر سائنسز میں میڈیکل ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ڈگریاں دی گئیں۔

 اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور ہنر ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کے حامل ہیں، فزیوتھراپی اور میڈیکل ٹیکنالوجی، میڈیسن کے متعلقہ ہیلتھ سائنسز کے شعبے، صحت کی دیکھ بھال کا نظام اور تربیت یافتہ فزیو تھراپسٹ، میڈیکل ٹیکنالوجسٹ کی دستیابی، وقت کی اہم ضرورت ہے جوکہ صحت کی دیکھ بھال کی فراہمی کے نظام کو مضبوط کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو برقرار رکھنے کے لیے گڈ گورننس کی ضرورت ہے، طلباءکے والدین اور فیکلٹی کو ان کے تعاون پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی بطور الحاق یونیورسٹی، لیاقت نیشنل ہسپتال اینڈ میڈیکل کالج اور اس کے انسٹی ٹیوٹ آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز کی جانب سے حاصل کی گئی پیشرفت اور سنگ میل کو فخر کی نظر سے دیکھتا ہے جو کہ میڈیکل ڈائریکٹر، پرنسپلز اور فیکلٹی کے پختہ عزم کا ثبوت ہے۔

میڈیکل ڈائریکٹر لیاقت نیشنل ہسپتال اینڈ میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سلمان فریدی نے کہاکہ اداروں اور ان کی فیکلٹی کی انتھک محنت قابل تعریف ہے، صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے والے ادارے اپنے مریضوں کی خدمت کے لیے مربوط انداز میں کام کرتے ہیں، انہوں نے کہاکہ صحت کی دیکھ بھال صرف ہسپتالوں تک محدود نہیں ہے بلکہ اب اسے ہوم کیئر تک پھیلایا جا رہا ہے اور لیاقت نیشنل ہسپتال فخر کے ساتھ ایسے ہیلتھ کیئر پریکٹیشنرز تیار کر رہا ہے جو مریضوں کی ہوم کیئر کو بھی پورا کریں گے۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر نگہت عباس، پروفیسر ایس حسن عباس، پروفیسر ڈاکٹر جنید عالم نے بھی خطاب اور طلباءاور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان کی زندگیوں میں تعلیم اور صحت سے متعلق وسیع تر مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے اپنے متعلقہ شعبوں میں بہترین کارکردگی کے حصول کے لیے مسلسل بہتری اور مستقل پیشہ ورانہ پیش رفت کی ضرورت پر زور دیا۔

امتحانات میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طلباءکو وائس چانسلر جامعہ کراچی نے گولڈ میڈل اور میڈیکل ڈائریکٹر لیاقت نیشنل ہسپتال کی جانب سے نقد انعام سے نوازا گیا۔ گولڈ میڈل جیتنے والوں میں، روطبہ کشف (ڈاکٹر آف فزیوتھراپی )، فضا احمد (کلینکل لیبارٹری سائنسز میں بیچلر آف سائنس)، بسمہ قزافی (بیچلر آف سائنس ان میڈیکل ٹیکنالوجی (ریڈیالوجی)، آمنہ یوسف (بیچلر آف سائنس ان میڈیکل ٹیکنالوجی (کریٹیکل کیئر)، رمشا سلیم بیچلر آف سائنس ان میڈیکل ٹیکنالوجی (ڈائیلائسس)، حذیفہ انجم احمد (بیچلر آف سائنس ان میڈیکل ٹیکنالوجی (آپریشن تھیٹر سائنسز) شامل ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں