حبیب بنک ورکرز فرنٹ آف پاکستان (سی بی اے) کی گولڈن جوبلی تقریب
کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) پاکستان کی بنکنگ انڈسٹری
کی ٹریڈ یونین تحریک میں اپنے قیام کے پچاس سال مکمل کرنے والی ”حبیب بنک ورکرز فرنٹ
آف پاکستان (سی بی اے)“ کی گولڈن جوبلی تقریب سادہ مگر پر وقار انداز میں مقامی ہوٹل
کے بینکوئٹ ہال میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں حبیب بنک سے تعلق رکھنے والے ٹریڈ یونین
رہنماؤں کی بڑی تعداد، بنک انتظامیہ کے سینئر ایگزیکیٹوز اور آفیسرز ایسوسی ایشن کے
عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی، حبیب بنک ورکرز فرنٹ
کے بانی، سینئر مزدور رہنما پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی نے کہا
کہ آج کا دن اس لحاظ سے بھی تاریخی دن ہے کہ کسی بنکنگ ادارے سے تعلق رکھنے والی ٹریڈ
یونین نے اپنے قیام کے پچاس سال آزمائشوں، قربانیوں اور زبردست جدوجہد کے بعد مکمل
کر لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”ورکرز فرنٹ“ کی تاریخ سے ہمیں یہ سبق حاصل ہوتا ہے کہ
وہ تنظیمیں کہ جو نظریاتی طور پر مستحکم اور محنت کشوں کے حقوق کے لیے ڈٹی رہتی ہیں،
اللہ کے کرم سے کامیابی ان کا مقدر ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتہائی
نامساعد حالات کے باوجود انہیں یقین ہے کہ (سی بی اے) یونین کی موجودہ قیادت محنت کشوں
کے حقوق کی مشعل کو کبھی بجھنے نہیں دے گی۔ حبیب بنک کے سینئر ایگزیکٹیوز یاسر صدیقی
اور سکندر اقبال نے اپنے خطاب میں حبیب بنک کی انتظامیہ کی جانب سے تمام ملازمین کو
پچاسویں یوِم تاسیس کے یادگار موقع پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا
کہ مستقبل میں بھی انتظامیہ اور (سی بی اے) کے مابین خوشگوار تعلقات قائم رہیں گے اور
ہم اپنے وسائل میں رہتے ہوئے ان کے تمام جائز مسائل کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں
گے۔
(سی بی اے) یونین کے صدر سید منتظر مہدی اور سیکریٹری
جنرل خان محمد خان مغل نے اپنے خطاب میں یونین کی جانب سے ملازمین کے حقوق کے تحفظ
کے لیے کی جانے والی عظیم جدوجہد کا تفصیلی تذکرہ کیا اور کہا کہ ملازمین کی کم تعداد
ہونے کے باوجود ہم نے اپنی بہترین صلاحیتوں سے کام لیتے ہوئے ایک عمدہ چارٹر آف ڈیمانڈ
منظور کروایا ہے، جس کے لیے ہم حبیب بنک کے صدر محمد اورنگزیب، ہیومن ریسورس گروپ کے
سربراہ جمال ناصر، پرسنل ڈویژن کے چیف محمود خان اور ان کی پوری ٹیم کے خصوصی طور پر
مشکور ہیں۔
ورکرز فرنٹ کی سابق چیئر
پرسن سیدہ نادرہ پروین، سابق سیکریٹری جنرل ناصر الدین محمود اور سابق صدر حاجی محمد
یعقوب نے بھی شرکائے تقریب سے خطاب کیا اور گولڈن جوبلی کی تقریب کو بنکنگ انڈسٹری
کی تاریخ میں ایک سنہری موقع قرار دیتے ہوئے اسے ایک یادگار دن قرار دیا۔ گولڈن جوبلی
تقریب سے حبیب بنک ورکرز فرنٹ آف پاکستان (سی بی اے) کے چیرمین سید قطب علی شاہ، ذوالفقار
تنولی، محمد عاصم اسلم، شاہد سلطان، اقبال شاہ بخاری، کامران ظہیر اور غلام مجتبیٰ
ہزاروی نے بھی خطاب کیا۔ گولڈن جوبلی تقریب کے اختتام پر ”ورکرز فرنٹ“ کی پچاسویں سالگرہ
کا کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر یونین کے سابق اور موجودہ عہدیداران کو یادگاری شیلڈز
اور گلدستے پیش کیے گئے۔
کوئی تبصرے نہیں