بلند عمارتوں میں ”آگ اور حفاظت“ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد
کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) ایسوسی ایشن آف کنسلٹنگ انجینئرز پاکستان (ACEP) نے کراچی میں علی گڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (AIT) اور سرسید یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (SSUET) کے اشتراک سے ”ہائی رائز بلڈنگز میں آگ لگنے اور اس کے نقصانات سے بچاؤ“کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔ ACEP کے اعزازی سیکرٹری انجینئر واصف نذر صدیقی نے تمام شرکائے اجلاس کا پرتپاک خیر مقدم کرتے ہوئے اپنے ادارے کا تعارفی جائزہ پیش کیا۔ صدیقی صاحب نے انجینئرنگ اور پیشہ ور افراد کی ترقی کے لیے اے آئی ٹی اور ایس ایس یو ای ٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے بہترین سیمینار کے انعقاد پر دونوں اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ دیگر مقررین میں چیئرمین سول انجینئرنگ ایس ایس یو ای ٹی ڈاکٹر محمد عمران، ڈاکٹر منیر احمد مرزا لیڈ ایچ ایس ای اور انوائرمنٹ سوشل اینڈ گورننس (ESG) کنسلٹنٹ NOMAC عمان، انجینئر سرفراز احمد، میکینکل ڈیزائن انجینئر میسرز عاطف نظر (پرائیویٹ) لمیٹڈ میں شامل تھے۔
مقررین نے بلند و بالا عمارتوں میں آگ لگنے اور اس کے نقصانات سے بچاؤسے متعلق آگاہی کی اہمیت، ڈیزائن کے معےارات اور کوڈز ”حفاظتی احتیاطی تدابیر“ آگ لگنے کے واقعات کے دوران انخلا کے طریقہ کار سے متعلق چیلنجوں کے امور پر بھر پور روشنی ڈالی۔ سیمینار میں اس حوالے سے متعلق ملکی اور بین الاقوامی واقعات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بیس شرکا نے جسمانی طور پر سیشن میں اور پینتیس نے آن لائن سیشن میں شرکت کی۔ پرنسپل اے آئی ٹی جناب شاہد جمیل نے اس طرح کے آگاہی سیمینار کی اہمیت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ACEP کو اس بات کا یقین دلایا کہ پیشہ ور افراد کی ترقی و خوشحالی کے لیے اے آئی ٹی کے دروازے ہر طرح کے تعاون کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔ سیمینار کے اختتام پر ACEP کے آرگنائزر انجینئر عبد الحسیب منصوری نے تمام مقررین اور مہمانوں کی آمد کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
کوئی تبصرے نہیں