بزمِ ”ادبِ امروز“ کی ماہانہ ادبی نشست

bazm-e-imroz

کراچی(نمایندہ ٹیلنٹ) معروف سینئر شاعر اور حیدرآباد میں قومی و بین الاقوامی مشاعروں کے بانی ساجد رضوی کی صدارت میں بزم ”ادب امروز“ پاکستان کی ماہانہ ادبی نشست اکادمی ادبیات کے ہال میں منعقد ہوئی۔ سرپرست بزم پروفیسر انیس زیدی شریک تھے، جنھوں نے تمام تر کارروائی پر بھر پور اظہار خیال کیا۔ مہمان خصوصی سابق صوبائی وزیر، سینئر صحافی اور کالم نگار سید آغا مسعود حسین نے ادارہ ہمدرد کے بانی، ہمدرد یونیورسٹی اور مدینہ الحکمت کے قائم کرنے والے ہمہ جہت، ہمہ صفات دانشور، مصنف اور اصلاح سماج کی فکر کے حامل جناب حکیم محمد سعید (شہید) کی شخصیت پر بھرپور روشنی ڈالی۔ مہمانان اعزازی میں پہلی شخصیت ملک اور بیرون ملک کی مقبول ادیبہ و شاعرہ نزہت کوثر لاکھانی کے علاوہ دانشور، نقاد اور شاعر زاہد حسین زاہد جوہری نے بھی شرکت کی۔ یہاں اکادمی ادبیات کے ریزیڈنٹ ڈائریکٹر اقبال احمد ڈھیراج بھی شہہ نشین پر موجود تھے۔ حکیم محمد سعید پر ہما اعظمی نے منظوم خراج عقیدت پیش کیا۔

اس محفل میں تلاوت اور نعت پیش کرنے کے بعد مشرف علی رضوی نے ایک خوبصورت مختصر افسانہ ”دل کی کلی“ حاضرین کی سماعتوں کی نذر کرکے بڑی داد حاصل کی۔ تقریب کی نظامت بڑے پرکشش انداز میں حامد علی سید نے کی۔ افسانے اور شہ نشین پر تشریف فرما شخصیات کے اظہار خیال کے بعد دوسری نشست یعنی مشاعرے کا آغاز ہوا۔ حامد علی سید نے اپنے کلام کے بعد تمام حاضر شعرا و شاعرات کو دعوت کلام دی جن کے اسماءگرامی درج ذیل ہیں۔ قمر جہاں قمر، باقر عباس فائز، دلشاد دہلوی، ہما اعظمی، ماجد علی سید، کاوش کاظمی، روبینہ تحسین بینا، اختر سروش، شجاع شاد، عرفان عابدی، مشرف رضوی، افضل ہزاروی، سعدالدین سعد، پروین حیدر، علی اوسط جعفری، زینت کوثر لاکھانی، زاہد جوہری کے بعد صدر ساجد رضوی نے اپنے کلام سے بھرپور داد و تحسین حاضرین سے حاصل کی۔

تقریب کے اختتام پر بانی بزم ”ادب امروز“ نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور ایک مختصر فوٹو سیشن کے بعد حاضرین کی تواضع کا بندوبست کیا گیا۔

کوئی تبصرے نہیں