شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اپنے ایمان کا حصہ جان کر یقینی بنائیں، سید ناصر حسین شاہ

کراچی(نمایندہ ٹیلنٹ)پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت حقداروں کو ان کا حق دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور پیپلز پارٹی کے جواں سال چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور سندھ کابینہ عوام کے قانونی اور جمہوری حقوق اُن تک پہنچانے کے لئے کوشاں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وزیر بلدیات،  دیہی ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سندھ سید ناصر حسین شاہ نے گزشتہ شب کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کی ترقی کی خوشی میں انجینیئرز اینڈ آفیسرز ایسوسی ایشن آف کے ڈبلیو اینڈ ایس بی، کی جانب سے سی او ڈی فلٹر پلانٹ گلشن اقبال کراچی میں  دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیر بلدیات ناصر شاہ نے کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی تاریخ میں اتنی زیادہ تعداد میں 352 افسران کی ترقی کا یہ پہلا موقع ہے لیکن یہ کسی پر احسان نہیں بلکہ سندھ حکومت نے ترقی کے حقدار افسران کو ان کا جائز حق پہنچا کر اپنا فرض ادا کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی-1 کے تحت گریڈ 16 سے گریڈ 20 تک میں 352 افسران کی بالکل جائز اور شفاف انداز میں ترقی نہایت خوش آئند اقدام ہے اور سندھ حکومت آئندہ بھی نہ صرف واٹر بورڈ بلکہ دیگر تمام سرکاری اداروں میں کام کرنے والوں کو ان کا جائز حق دلانے کا عمل جاری و ساری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ واٹر بورڈ میں گریڈ ایک سے گریڈ 15 تک کے ملازمین کی ترقیوں کے لئے ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی-2 کا اجلاس بھی جلد منعقد ہوگا اور ملازمین کو ان کی ترقی کا جائز حق دیا جائے گا۔

انہوں نے ترقی پانے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اپنے فرائض کے حوالے سے نہایت اہم ادارہ ہے کیونکہ آپ شہریوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کرنے کا فریضہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ واٹر بورڈ کے تمام افسران و اہلکار شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو اپنے ایمان کا حصہ جان کر یقینی بنائیں گے اور ان علاقوں کو بھی پانی کی مناسب فراہمی یقینی بنائیں گے جہاں پانی بہت کم پہنچ پاتا ہے۔


یہ بھی پڑھیں: گاربین مگروزا کے کیریئر میں نیا موڑ آگیا

وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے لئے بھی وزیر اعلیٰ سندھ نے مناسب فنڈز فراہمی کی ہدایات دی ہیں اور بہت جلد واجبات کی ادائیگی بھی ممکن ہو جائے گی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ افسران اور اہلکار محنت سے فرائض ادا کریں گے اور شہر کو پینے کے پانی کی فراہمی اور نکاسئی آب کے نظام کو بہتر بنائیں گے۔

اس موقع پر لیاقت اسکانی، صغیر قریشی، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے وائس چیئرمین نجمی عالم، مینجنگ ڈائریکٹر اسداللہ خان، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ انجینئرز اینڈ آفیسرز ایسوسی ایشن کے صدر ندیم کرمانی، سیکریٹری شعیب تغلق، فنانس سیکرٹری محمد ثاقب اور دیگر عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔

کوئی تبصرے نہیں

Please do not enter any spam link in the comment box.