ایشیا کپ ہاکی، پاکستان اور بھارت ٹاکرا بے نتیجہ تمام
رپورٹ: حماد عزیز
ایشیا کپ میں قومی ہاکی ٹیم نے روایتی حریف بھارت کیخلاف مقابلہ 1-1 سے برابر کرلیا، گول کیپر اکمل حسین نے حریف ٹیم نے 3 خطرناک حملے ناکام بنائے، انڈونیشیا سے قومی ٹیم دوسرا میچ منگل کو کھیلے گی۔موصولہ اطلاعات کے مطابق جکارتہ ہاکی گراؤنڈ میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ انداز سے میچ شروع کیا۔بھارت نے پہلے کوارٹر میں کارتھی سیلوام کے پنالٹی کارنرپر گول کی بدولت سبقت حاصل کی، جو تین کوارٹر تک برقرار رہی، چوتھے کوارٹر کے آخری منٹوں میں پاکستان نے رانا وحید کے گول کے ذریعے میچ کو برابر کیا، انھوں نے پنالٹی کارنر سے بھرپور فائدہ اٹھاکر گیند کو جال میں پھینک دیا،دوران میچ پاکستانی کھلاڑیوں کو گول کرنے کے کئی مواقع ملے مگر ان سے فائدہ نہ اٹھایا جاسکا۔
یہ بھی پڑھیں: نور زمان چیمپئن، قمر زمان کے پوتے نے 4 برس بعد انڈر 19 ٹائٹل ملک کے لیے حاصل کرلیا
پاکستان کے گول کیپر اکمل حسین نے بھی بھارت کے حملے ناکام بناکر 3 گول یقینی گول بچائے، بریندرا لاکڑا کی زیرقیادت میدان میں اترنے والی بھارتی ٹیم نے چند نئے پلیئرز کو موقع فراہم کیا ، روپیندر پال سنگھ انجرڈ ہوجانے پر ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں، پاکستانی ٹیم منگل کو ملکی وقت کے مطابق سوا 2 بجے انڈونیشیا کیخلاف میدان سنبھالے گی، بھارتی ٹیم جاپان کے خلاف ایکشن میں ہوگی، اس سے قبل ابتدائی دن منعقدہ دیگر میچز میں جاپان نے انڈونیشیا کو 9-0 سے آؤٹ کلاس کردیا، کوریا نے بنگلہ دیش کے خلاف 6-1 سے کامیابی سمیٹی،ملائیشیا نے عمان کو 7-0 سے قابو کرلیا۔رضی رحیم نے ہیٹ ٹرک بنائی،انھوں نے 6، 13 اور 19 ویں منٹوں میں گول اسکور کیے۔
Boht Khoob !
جواب دیںحذف کریں