تھر کول بلاک 1، اسلام کوٹ میں 1320 میگا واٹ پاور پلانٹ، رہائشیوں کی ری سیٹلمنٹ کے واجبات جلد ادا کئے جائیں، امتیاز احمد شیخ
کراچی( نمایندہ ٹیلنٹ) تھر کول بلاک 1، میں 1320 میگا واٹ کے پاور پلانٹ کے منتقل ہونے والے گھرانوں کو ان کے واجبات جلد از جلد ادا کئے جائیں تاکہ جو گھرانے دوسری جگہ منتقل ہورہے ہیں وہ جلد از جلد اپنی آبادکاری میں حائل پریشانیوں کا حل پاسکیں۔ وزیر توانائی سندھ نے یہ ہدایات آج شنگھائی الیکٹرک اور سائنو سندھ لمیٹڈ کے افسران کے ساتھ محکمۂ توانائی سندھ کے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں شنگھائی الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر مسٹر مینگ (Meng) کے ساتھ دیگر افسران اور سائنو سندھ ریسورسز لمیٹڈ کے افسران نے شرکت کی جبکہ سیکریٹری توانائی سندھ ابوبکر مدنی ، ڈپٹی کمشنر تھر پارکر محمد نواز سوہو، ڈائریکٹر جنرل سندھ کول اتھارٹی مشتاق سومرو اور محکمۂ توانائی سندھ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: شمسی بجلی کی فراہمی کے لئے امتیاز احمد شیخ کی زیرِ صدارت ورلڈ بنک کے افسران کے ساتھ اجلاس
اس موقع پر بتایا گیا کہ تھر کول بلاک 1 اسلام کوٹ میں مائننگ ایڈوانس اسٹیج پر ہے کوئلے کے ذخائر وافر مقدار میں نکل آئے ہیں اور پاور پلانٹ بھی جلد مکمل ہوگا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تھر پارکر نے تھر کول بلاک 1 سے منتقل ہونے والے گھرانوں کی سروے رپورٹ پیش کی ۔وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے تھر کول بلاک 1 میں کام کرنے والی کمپنیوں سے کہا کہ منتقل ہونے والے گھرانوں کے واجبات جلد از جلد ادا کئے جائیں تاکہ مقامی آبادی کو ان کا حق مل سکے وہ اپنا مناسب بندوبست کرسکیں اور پاور کمپنی کی جانب سے پوری توجہ پاور جنریشن کو دی جاسکے۔وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ تھر کا کوئلہ پاکستان کی توانائی کے مسائل کا سب سے سستا اور دیرپا حل ہے لیکن یہاں لگنے والے ہر پاور پلانٹ سے یہاں کی مقامی آبادی کی بہبود کے اقدامات کرنے کو سندھ حکومت اولین ترجیح دیتی ہے۔
کوئی تبصرے نہیں