سید قاسم نوید قمر کی عالمی بینک کے نمایندوں کے ساتھ ملاقات
کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پراجیکٹس سید قاسم نوید قمر سے ان کے دفتر میں عالمی بینک کے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ حب لیڈر معظم میکن اور انوسٹمنٹ آفیسر مرزا خرم بیگ نے ملاقات کی۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ یونٹ سندھ اسد ضامن بھی موجود تھے۔ منعقدہ اجلاس میں سندھ حکومت اور عالمی بنک کے درمیان مختلف ترقیاتی منصوبوں کو پی پی پی موڈ (PPP Mode) اور سرمایہ کاری کے مختلف تصورات پر بات چیت ہوئی۔اجلاس میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے فلٹریشن پلانٹ کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات میں تعاون پر بات چیت ہوئی اور سندھ میں حالیہ سیلاب سے بہت بڑی تعداد میں گرجانے والے مکانات کی تعمیر نو کے لیے تعاون پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
یہ بھی پڑھیں: رشین قونصل جنرل آندرے فیڈروف کی وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری قاسم نوید قمر سے ملاقات
اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں اور نئے لگنے والے منصوبوں کو ماحولیاتی نکتہ نظر سے محفوظ بنانے کے لیے ماہرانہ اور مالیاتی تعاون کے امکانات پر بھی بات چیت ہوئی۔ ورلڈ بینک کے نمائندوں نے مذکورہ آئیڈیاز پر اپنے ادارے میں مشاورت کے بعد اس بات چیت کو مزید آگے بڑھانے اور قابلِ عمل تجاویز پر ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ سندھ حکومت اپنے عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنے کے لیے ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں مالیاتی اور تکنیکی معاملات میں عالمی بینک کے تعاون کی حوصلہ افزائی کی خواہاں ہے۔
کوئی تبصرے نہیں