ارجنٹائن کے سفیر کی معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری سید قاسم نوید قمر سے ملاقات
کراچی (نمایندہ ٹیلنٹ) پاکستان میں ارجنٹائن کے سفیر عزت مآب لیوپولڈو فرانسسکو ساہورز (H.E.Leopoldo Francisco Sahores)نے اپنے ڈپٹی ہیڈ آف مشن جناب کمیلو ارنیسٹو سلبرکاسٹن (Mr.Camilo Ernesto Silberkasten) کے ہمراہ آج محکمۂ سرمایہ کاری سندھ کا دورہ کیا اور وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پراجیکٹس سید قاسم نوید قمر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکریٹری سرمایہ کاری سندھ سید منصور عباس رضوی اور محکمے کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر نے ارجنٹائن کے سفیر اور وفد کا گرمجوشی سے استقبال کیا ۔ اس موقع پر دونوں معززین نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا ۔وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر نے وفد کو سندھ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ حکومت سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولتیں مہیا کر رہی ہے۔ انہوں نے اس ضمن میں ٹیکس رعایات اور دیگر مراعات کی بابت بھی آگاہ کیا۔ دونوں معززین نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور روابط کے استحکام پر اتفاق کیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسپیشل اکنامک زون اتھارٹی (سیزا) کو تیزی سے فعال کیا جائے،قاسم نوید قمر
دونوں معززین نے گلوبل وارمنگ کے عالمی اثرات اور اس کے سبب پیدا ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں اور اس ضمن میں پاکستان اور سندھ میں پچھلے مہینوں کی طوفانی بارشوں اور سیلابوں کے اثرات کے بارے میں بھی گفتگو کی اور اتفاق کیا کہ بین الاقوامی برادری کو گلوبل وارمنگ کے اثرات سے نمٹنے کے لئے مشترکہ اقدامات کرنے ہوں گے۔ اجلاس کے اختتام پر سید قاسم نوید قمر نے معزز سفیر اور مہمانوں کو سندھ کی روایتی 'اجرک' کا تحفہ پیش کیا۔
کوئی تبصرے نہیں