بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بہترین بنانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، ڈاکٹر محمد امجد ثاقب
اسلام آباد (نمایندہ ٹیلنٹ) چیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی ) ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی کو ملک کا بہترین ادارہ بنانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ سرگودھا کی جامع مسجد قاسم العلوم میں بی آئی ایس پی کے عملے کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے کہا کہ 93 لاکھ ضرورت مند خاندانوں کی خدمت کرنا ایک عظیم مقصد اور عبادت کے مترادف ہے۔
تخفیف غربت اور پسماندہ طبقے
کو بااختیار بنانے کے بی آئی ایس پی کے مشن کا اعتراف کرتے ہوئے، ڈاکٹر محمد امجد ثاقب
نے کہا کہ بینظیر تعلیمی وظائف کے تحت83 لاکھ بچے وظائف حاصل کررہے ہیں، جس سے سکولوں
میں بچوں کی حاضری کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے ان ضرورت مند خاندانوں کے بچوں
کو تکنیکی مہارت کی تعلیم فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے
بی آئی ایس پی عملہ کو مستحق خواتین کے وظائف سے کٹوتیوں کی شکایات پر فوری اقدامات
اور ازالے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا، ”آئندہ کفالت قسط کے دوران ادائیگیوں
میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے“۔
سرگودھا میں بی آئی ایس پی
دفتر کے دورے کے دوران، ڈاکٹر امجد ثاقب نے بی آئی ایس پی ملازمین پر زور دیا کہ وہ
اخلاقیات اور ہمدردانہ سلوک کو مد نظر رکھتے ہوئے ضرورت مند خواتین کو تمام ممکنہ سہولیات
فراہم کریں۔ انہوں نے بینکوں کے ذریعے وقف فنڈز کے قیام کے حوالے سے اپنے خیالات کا
اظہار بھی کیا۔
ڈاکٹر امجد ثاقب نے متعلقہ
افسران کو دفاتر میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ملازمین پر
زور دیا کہ وہ عوام کو بی آئی ایس پی ڈیٹا بیس کے مستند ہونے، پروگرام کی غیر سیاسی
وابستگی اور بدعنوانی سے پاک ہونے کا احساس دلائیں۔ انہوں نے عملے پر زور دیا کہ وہ
مخیر حضرات کو ضرورت مندوں کی فلاح و بہبود کے لیے عطیات دینے کی ترغیب دیں جس سے پروگرام
کی شفافیت اور سماجی ذمہ داری کے عزم کو تقویت ملے گی۔
کوئی تبصرے نہیں